Friday, December 11, 2015

ورلڈ ٹی 20 کا شیڈول جاری، پاکستان بھارت ایک گروپ میں



انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بھارت میں آئندہ برس آٹھ مارچ سے تین اپریل تک جاری رہنے والے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2016 کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔
آئی سی سی کی جانب سے جمعے کو جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق روایتی حریف پاکستان اور بھارت کو ایک گروپ میں رکھا گیا ہے جہاں دونوں ٹیمیں 19 مارچ سنہ 2016 کولکتہ میں مدِ مقابل ہوں گی۔
بیان کے مطابق 27 دن تک جاری رہنے والے اس ٹورنامنٹ میں مردوں کے 35 میچ بنگلور، چنائی، دھرم شالا، کولکتہ، موہالی، ممبئی، ناگپور اور نئی دہلی میں کھیلے جائیں گے۔
آئی سی سی کے مطابق اس ٹورنامنٹ کے سیمی فائنلز 30 اور 31 مارچ کو نئی دہلی اور ممبئی جبکہ فائنل تین اپریل کو کولکتہ میں کھیلا جائے گا۔
آٹھ مارچ سے تین اپریل سنہ 2016 تک کھیلے جانے والا یہ ٹورنامنٹ دو مراحل میں کھیلا جائے گا۔
آٹھ سے 13 مارچ کے دوران پہلے مرحلے کے لیے کھیلے جانے والے میچ دھرم شالا اور ناگپور میں کھیلے جائیں گے، جس کے لیے دو گروپس بنائے گئے ہیں۔
گروپ اے میں بنگلہ دیش، ہالینڈ، آئرلینڈ اور عمان جبکہ گروپ بی میں زمبابوے، سکاٹ لینڈ، ہانگ کانگ اور افغانستان کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔
پہلے مرحلے کے گروپ ونرز 15 سے 28 مارچ کے دوران دوسرے مرحلے میں آسٹریلیا، انگلینڈ، نیوزی لینڈ، پاکستان، جنوبی افریقہ، سری لنکا، ویسٹ انڈیز اور بھارت کے ساتھ سپر 10 مرحلے میں مدِ مقابل ہوں گے۔
سپر 10 مرحلے کے لیے بھی دو گروپس بنائے گئے ہیں۔ گروپ ون میں سری لنکا، جنوبی افریقہ، ویسٹ انڈیز، انگلینڈ اور گروپ بی کی فاتح ٹیم جبکہ گروپ ٹو میں پاکستان، بھارت، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور گروپ اے کی فاتح ٹیم شامل ہو گی۔
پاکستان کا پہلا میچ 16 مارچ کو کوالیفائر ٹیم کے خلاف ممبئی میں، دوسرا میچ 19 مارچ کو بھارت کے خلاف دھرم شالا ، تیسرامیچ 22 مارچ کو نیوزی لینڈ کے خلاف موہالی اور 25 مارچ کو آسٹریلیا کے خلاف موہالی میں ہی ہوگا۔
آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کا آخری گروپ میچ 28 مارچ کو کھیلا جائے گا، 29 مارچ کو تمام ٹیمیں آرام کریں گی، 30 مارچ کو پہلا سیمی فائنل نئی دہلی میں، 31 مارچ کودوسرا سیمی فائنل ممبئی میں کھیلا جائے گا اور دو دن آرام کے بعد 3 اپریل کو کولکتہ میں ٹورنامنٹ کا فائنل ہوگا۔
آئی سی سی کے مطابق مردوں کے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کی انعامی رقم 5 کروڑ 60 لاکھ ڈالر ہے۔

No comments:

Post a Comment