یہ
بات سنہ 2005 کی ہے جب جنرل پرویز مشرف ہندوستان آئے تھے اور انھوں نے اس
وقت بھارت کے وزیر اعظم منموہن سنگھ کے ساتھ ساتھ صدر اے پی جے عبدالکلام
سے بھی ملاقات کی تھی۔
’میزائل مین‘ کے نام سے مشہور ہندوستان کے سابق صدر اے پی جے عبدالکلام اب ہمارے درمیان نہیں رہے۔ملاقات سے ایک دن پہلے عبدالکلام کے سیکریٹری پی کے نائر ان کے پاس بريفنگ کے لیے گئے تھے۔
پی کے نائر نے انھیں بتایا: ’سر کل جنرل مشرف آپ سے ملنے آ رہے ہیں۔‘ انھوں نے جواب دیا، ’ہاں مجھے پتہ ہے۔‘
نائر نے کہا: ’وہ ضرور کشمیر کا مسئلہ اٹھائیں گے۔ آپ کو اس کے لیے تیار رہنا چاہیے۔‘
کلام ایک لمحے کے لیے ٹھٹھكے، ان کی طرف دیکھا اور کہا: ’اس کی فکر نہ کریں۔ میں سب سنبھال لوں گا۔‘
اگلے دن ٹھیک سات بج کر 30 منٹ پر پرویز مشرف اپنے قافلے کے ساتھ ایوانِ صدر پہنچے۔ انھیں پہلی منزل پر ڈرائنگ روم میں لے جایا گیا۔
عبدالکلام نے ان کا استقبال کیا۔ ان کی کرسی تک گئے اور ان کے پاس بیٹھے۔ ملاقات کا وقت 30 منٹ طے تھا۔
عبدالکلام نے گفتگو شروع کی: ’صدر صاحب، بھارت کی طرح آپ کے ملک میں بھی بہت سے دیہی علاقے ہوں گے۔ آپ کو نہیں لگتا کہ ہمیں ان کی ترقی کے لیے جو کچھ ممکن ہو کرنا چاہیے؟‘
جنرل مشرف ’جی ہاں‘ کے علاوہ اور کیا کہہ سکتے تھے!
سائنسداں بھی سفارتکار بھی
عبدالکلام نے کہنا شروع کیا: ’میں آپ کو مختصراً ’پورا‘ کے بارے میں بتاؤں گا۔ پورا کا مطلب ہے پرووائڈنگ اربن فیسی لیٹیز ٹو رورل ایریاز۔‘پس پشت آویزاں پلازما سکرین پر حرکت ہوئی اور کلام نے اگلے 26 منٹ تک مشرف کو لیکچر دیا کہ ’پورا‘ کا کیا مطلب ہے اور اگلے 20 سالوں میں دونوں ممالک اسے کس طرح حاصل کر سکتے ہیں۔
30منٹ بعد مشرف نے کہا: ’شکریہ صدر صاحب۔ بھارت خوش قسمت ہے کہ اس کے پاس آپ جیسا ایک سائنس دان صدر ہے۔‘
مصافحہ کیا گيااور نائر نے اپنی ڈائری میں لکھا: ’عبدالکلام نے آج ثابت کر دیا کہ سائنس دان بھی سفارت کار ہو سکتے ہیں۔
تین لاکھ 52 ہزار روپے
مئی سنہ 2006 میں صدر عبدالکلام کا سارا کنبہ ان سے ملنے دہلی آیا۔ مجموعی طور پر ان میں 52 لوگ شامل تھے۔ ان میں 90 سال کے بڑے بھائی سے لے کر ان کی ڈیڑھ سال کی پڑپوتي بھی تھی۔یہ لوگ آٹھ دن تک صدارتی محل میں ٹھہرے۔ اجمیر شریف بھی گئے۔ کلام نے ان کے ٹھہرنے کا کرایہ اپنی جیب سے ادا کیا۔
یہاں تک کہ ایک پیالی چائے تک کا حساب رکھا گیا اور ان کے جانے کے بعد کلام نے اپنے اکاؤنٹ سے تین لاکھ 52 ہزار روپے کا چیک کاٹ کر صدارتی دفتر کو بھیجا۔
ان کے صدر رہتے یہ بات کسی کو پتہ نہیں چلی۔
بعد میں جب ان کے سیکریٹری نائر نے ان کے ساتھ گزارے گئے دنوں پر کتاب لکھی، تو پہلی بار اس کا ذکر سامنے آیا۔
افطار کا پیسہ یتیم خانے کو
اسی طرح نومبر سنہ 2002 میں رمضان کے مہینے میں کلام نے اپنے سیکریٹری کو بلا کر پوچھا: ’یہ بتائیے کہ ہم افطار کے ڈنر کا اہتمام کیوں کریں؟ ویسے بھی یہاں مدعو کیے جانے والے افراد کھاتے پیتے لوگ ہوتے ہیں۔ آپ افطار پر کتنا خرچ کرتے ہیں؟‘صدارتی محل کی مہمان نوازی کے محکمہ کے سربراہ کو فون لگایا گیا۔انھوں نے بتایا کہ افطار کی دعوت پر تقریبا ڈھائی لاکھ روپے کا خرچ آتا ہے۔
عبدالکلام نے کہا: ’ہم یہ پیسہ یتیم خانوں کو کیوں نہیں دے سکتے؟ آپ یتیم خانوں کا انتخاب کریں اور یہ یقینی بنائیں کہ یہ پیسہ ضائع نہ ہو۔‘
صدارتی محل کی جانب سے افطار کے لیے مقرر رقم سے آٹے، دال، کمبل اور سوئٹر کا انتظام کیا گیا اور اسے 28 یتیم خانوں کے بچوں میں تقسیم کیا گیا۔
لیکن بات یہیں ختم نہیں ہو گئی۔ کلام نے نائر سے کہا: ’یہ چیزیں تو آپ نے حکومت کے پیسے سے لی ہیں اس میں میرا حصہ کیا ہوا؟ میں آپ کو ایک لاکھ روپے کا چیک دے رہا ہوں۔ اس کا بھی اسی طرح استعمال کیجیے جیسے آپ نے افطار کے لیے مختص رقم کا کیا ہے، لیکن کسی کو یہ مت بتائیے کہ یہ پیسے میں نے دیے ہیں۔‘
بارش نے بھی کلام کا خیال رکھا
صدر عبدالکلام بھارت کے سب سے زیادہ فعال صدر تھے۔ اپنے پورے دور اقتدار میں انھوں نے 175 دورے کیے۔ ان میں سے صرف سات غیر ملکی دورے تھے۔وہ لكش ديپ کو چھوڑ کر بھارت کی ہر ریاست میں گئے۔
15 اگست سنہ 2003 کو کلام نے یوم آزادی کے موقعے پر شام کو صدارتی محل کے لان میں ہمیشہ کی طرح ایک چائے پارٹی رکھی جس میں تقریبا 3000 لوگوں کو مدعو کیا گیا تھا۔
صبح آٹھ بجے سے جو بارش شروع ہوئی تو رکنے کا نام نہیں لے رہی تھی۔ صدارتی محل کے افسر پریشان ہو گئے کہ اتنے سارے لوگوں کو عمارت کے اندر چائے نہیں پلائی جا سکتی۔
فوری طور پر 2000 چھتریوں کا انتظام کیا گیا۔
جب دوپہر بارہ بجے صدر کے سیکریٹری ان سے ملنے گئے تو کلام نے کہا: ’کیا شاندار دن ہے۔ ٹھنڈی ہوا چل رہی ہے۔‘
سیکریٹری نے کہا: ’آپ نے 3000 لوگوں کو چائے پر بلا رکھا ہے۔ اس موسم میں ان کا استقبال کس طرح کیا جا سکتا ہے؟‘
کلام نے کہا: ’فکر مت کیجیے ہم صدارتی محل کے اندر لوگوں کو چائے پلائیں گے۔‘
’اوپر بات کر لی ہے‘
سیکریٹری نے کہا ہم زیادہ سے زیادہ 700 لوگوں کو اندر لا سکتے ہیں۔ میں نے 2000 چھتریوں کا انتظام تو کر لیا ہے لیکن یہ بھی شاید کم پڑیں۔کلام نے ان کی طرف دیکھا اور بولے: ’ہم کر بھی کیا سکتے ہیں۔ اگر بارش جاری رہی تو زیادہ سے زیادہ کیا ہوگا۔۔۔ہم بھيگيں گے ہی نہ!‘
پریشان، بدحواس نائر دروازے تک پہنچے تھے کہ عبدالکلام نے انھیں آواز دی اور آسمان کی طرف دیکھتے ہوئے کہا: ’آپ پریشان نہ ہوں، میں نے اوپر بات کر لی ہے۔‘
اس وقت دن کے 12 بج کر 38 منٹ ہوئے تھے۔
ٹھیک 2 بجے اچانک بارش تھم گئی۔ سورج نکل آیا۔ ساڑھے پانچ بجے عبدالکلام روایتی طور پر لان میں تشریف لائے۔ اپنے مہمانوں سے ملے۔ ان کے ساتھ چائے پی اور سب کے ساتھ تصویر كھنچوائي۔ سوا چھ بجے قومی ترانہ ہوا۔
جیسے ہی کلام ایوان صدر کی عمارت کی چھت کے نیچے پہنچے، پھر سے جھماجھم بارش شروع ہو گئی۔ انگریزی میگزین ویک کے اگلے شمارے میں ایک مضمون ’چھپا، قدرت بھی کلام پر مہربان۔‘
No comments:
Post a Comment