کراچی: وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ شہید شجاع خانزادہ کا مشن پوری قوت کے ساتھ آگے بڑھے گا،دہشت گرد بزدلانہ کارروائیاں کر کے ہمارے عزم کو متزلزل نہیں کرسکتے، آپریشن ضرب عضب اور قومی ایکشن پلان کے تحت کارروائیاں جاری رہیں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز جوہری توانائی کے منصوبے کے ٹو کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر مملکت عابد شیر علی، گورنر اور وزیراعلیٰ سندھ سمیت دیگر حکام بھی موجود تھے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کے سب سے بڑے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا ہے، یہ منصوبہ پاکستان اور چین کے تعلقات کا منہ بولتا ثبوت ہے، اس منصوبے سے پاک چین دوستی مزید پروان چڑھے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں امن وامان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے اور ملک میں افراط زر کی شرح کم ہو رہی ہے، حکومت ملک میں امن کے لیے فیصلہ کن کارروائی کر رہی ہے، ملک میں امن کے قیام تک تمام ذمہ دار ادارے کام کرتے رہیں گے، دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ایم کیو ایم کے رکن قومی اسمبلی رشید گوڈیل پر حملے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، شجاع خانزادہ کی شہادت سے ان کا مشن نہیں رکے گا بلکہ ان کا مشن پوری قوت کے ساتھ آگے بڑھے گا، پاکستان کی معیشت میں شفافیت بڑھ رہی ہے، بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا اچھا تاثر پیدا ہو رہا ہے، وزیر اعظم نے کہا کہ ملک کو توانائی بحران سے نجات دلانا اولین ترجیح ہے، ماضی کی نسبت لوڈ شیڈنگ میں واضح کمی ہوئی ہے، ہمارے دیہی علاقوں کو بجلی بحران کا سامنا ہے، لوشیڈنگ کے خاتمے کیلئے حکومت ترجیحی بنیادوں پر کام کر رہی ہے۔ واضح رہے کہ کراچی کے ساحل پر ایٹمی بجلی گھر کینپ 1972 میں قائم کیا گیا تھا، اس کی پیداواری صلاحیت 150 میگاواٹ اور مدت 2002 تک تھی مگر بعد ازاں اس کو اپ گریڈ کر کے دوبارہ فعال کر دیا گیا، جبکہ رواں برس کینپ ٹو اور کینپ تھری بنانے کی منصوبہ بندی کی گئی، یہ دونوں بجلی گھر 1100 ، 1100 میگاواٹ بجلی پیدا کر سکیں گے، جبکہ پلانٹس کی تکمیل 2019 اور 2020 تک ہو سکے گی - See
No comments:
Post a Comment