اسلام آباد: 'شائننگ انڈیا' کے نعرے پر عمل کرتے ہوئے بھارت کی ضعیف ترین
خاتون نے بیت الخلاء کی تعمیر کیلئے بکریاں بیچ دیں جس پر مودی نے 104 سالہ
خاتون کے پائوں چھو لیے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت کی مرکزی ریاست
چھتیس گڑھ کے ضلع دھمتری میں 104سالہ خاتون نے بیت الخلاء کی تعمیر کیلئے
اپنی 10بکریاں فروخت کر دیں۔ ملک میں صفائی کی خصوصی مہم کیلئے بکریوں کی
فروخت کرنے پر بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے خاتون کنور بائی سے ملاقات
کی اور ان کے پائوں چھوئے۔ اس موقع پر مودی نے خاتون کی کوششوں کی حوصلہ
افزائی کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے روشن بھارت کی ایک بڑی مثال قائم کی ہے
اور اس طرح کے اقدامات سے کھلی جگہوں پر رفع حاجت کرنے والوں کی کمی ہو گی۔
کنور بائی نے اپنی رہائش گاہ پر بیت الخلا ء کی تعمیر کیلئے اپنی 8 سے 10
بکریاں فروخت کیں اور گائوں کے دیگر خاندانوں سے بھی انہوں نے درخواست کی
کہ وہ بیت الخلاء تعمیر کرائیں۔ کنور بائی ایسے گائوں میں رہتی ہے جہاں ٹی
وی نہیں پہنچا اور نہ ہی اخبار پڑھی جاتی ہے مگر کسی طرح 'شائننگ انڈیا'
کا نعرہ اس خاتون تک پہنچ گیا اور انہوں نے اس پر عمل کرنے کیلئے اپنی
بکریاں بیچ دیں۔ وزیر اعظم نے ملاقات کے موقع پر لوگوں سے کہا کہ پسماندہ
علاقے کے ضعیف افراد اپنے ملک کی بہتری کیلئے سرگرم ہو جائیں تو سمجھو وہاں
تبدیلی آ رہی ہے۔ مودی نے کنور بائی کی اس کوشش پر گائوں کیلئے صفائی کی
سہولیات مفت فراہم کرنے کا اعلان کیا۔
No comments:
Post a Comment