Submitted by Waseem Sethi on Sat, 02/27/2016 - 11:32
زیورخ: سوئٹزرلینڈ سے تعلق رکھنے والے جیانی انفینٹینو فٹبال کی عالمی
تنظیم فیفا کے نئے صدر منتخب ہوگئے ہیں، 45 سالہ جیانی انفینٹینو یورپی
فٹبال ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری ہیں۔ انفنٹینو کو فیفا کانگریس کے
دوسرے راؤنڈ میں 115 ووٹ ملے جبکہ ایشین فٹ بال کنفیڈیریشن کے صدر کو 88
ووٹس ملے۔ انہیں ایک ایسے موقع پر صدر منتخب کیا گیا ہے جب کھیل کی ساکھ
اپنے نچلے ترین مقام پر ہے۔ اس سے قبل بلاٹر ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر
چھ سال کی پابندی عائد کی گئی جبکہ سوئس اور امریکی حکام کی جانب سے فیفا
میں کرپشن کی تحقیقات جاری ہے۔ تفصیلات کے مطابق فیفا کے صدر کا انتخاب
سوئٹزر لینڈ کے شہر زیورخ میں منعقدہ انتخابات میں ہوا جن میں 207 ممالک سے
فیفا کے مندوبین نے حصہ لیا،انتخاب کے پہلے مرحلے میں کوئی امیدوار بھی
واضح اکثریت حاصل کرنے میں کامیاب نہ ہو سکا۔ تاہم دوسرے مرحلے میں جیانی
نے 115 ووٹ حاصل کیے جو ان کے قریب ترین حریف شیخ سلمان بن ابراہیم الخلیفہ
سے 27 ووٹ زیادہ تھے۔ دوسرے مرحلے میں اردن کے پرنس علی الحسین کے حصے میں
صرف چار ووٹ آئے جبکہ فرانس سے تعلق رکھنے والے جیروم شیمپئین کو کوئی ووٹ
نہ ملا۔ تنظیم کے صدر کا عہدہ 79 سالہ سیپ بلیٹر کے مستعفی ہونے کے بعد
خالی ہوا تھا۔ سیپ بلیٹر جو 1998 سے فیفا کی صدارت پر فائز تھے گذشتہ برس
اپنے عہدے سے علیحدہ ہوئے تھے۔ فیفا کی ضابط اخلاق کمیٹی نے سیپ بلیٹر اور
ان کے قریبی مشیل پلاٹینی پر قواعد کی خلاف ورزی کے جرم میں چھ سال تک
فٹبال سے متعلق کسی بھی سرگرمی میں حصہ لینے پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔
جیانی انفینٹیانو صرف اس وقت صدارتی دوڑ میں شامل ہوئے تھے جب یہ واضح
ہوگیا تھا کہ مشیل پلا ٹینی کو فیفا کا صدارتی الیکشن لڑنے کی اجازت نہیں
ملے گی۔
No comments:
Post a Comment