Tuesday, June 30, 2015

تہاڑ جیل سے سرنگ کھود کر قیدی فرار


بھارت میں تہاڑ جیل سے دو قیدی فرار ہو گئے ہیں۔ حکام کے مطابق دونوں قیدی جیل کی ایک دیوار پھلانگ کر اور دوسری دیوار کے نیچے سرنگ کھود کر فرار ہوئے ہیں۔
چوری کے الزام میں قید فیضان اور جاوید کے فرار کے بارے میں جیل حکام کو اتوار کے روز اس وقت پتہ چلا جب وہ حاضری کے لیے نہیں پہنچے۔
حکام کا کہنا ہے کہ فرار ہونے والے ایک قیدی کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور اس سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔
ایشیا کی سب سے بڑی خیال کی جانے والی تہاڑ جیل میں دہشت گردوں سمیت دیگر خطرناک قیدیوں کو رکھا جاتا ہے۔
اطلاعات کے مطابق یہ پہلا موقع ہے جب تہاڑ جیل سے کوئی قیدی سرنگ کھود کر فرار ہوا ہے۔
بھارتی اخبار ٹائمز آف انڈیا کے مطابق قیدیوں نے فلمی انداز میں جیل سے فرار کی مکمل منصوبہ بندی کی تھی۔ اخبار کے مطابق قیدیوں نے جیل کی اندرونی دیوار کو پہلے پھلانگا اور پھر بیرونی دیوار کے نیچے سرنگ کھود کر فرار ہوئے۔
تاہم حکام کے مطابق اس بارے میں تفصیلاً تحقیقات کی جا رہی ہیں کے قیدی کیسے فرارہوئے۔
خبرساں ادارے اے ایف پی کے مطابق تہاڑ کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل مکیش پرساد کا کہنا ہے کہ ’وہ ہفتے یا اتوار کو کسی وقت فرار ہوئے۔ ہم یہ پتا لگا کر رہیں گے کہ وہ کیسے فرار ہوئے۔ ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ وہ کب اور کیسے فرار ہوے۔‘
واضح رہے کہ تقریباً 6 ہزار کی گنجائش والی اس جیل میں 13 ہزار سے زیادہ قیدی رکھے گئے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس بارے میں بھی تحقیقات کی جارہی ہیں کہ قیدی سکیورٹی پر مامور عملے کو چکمہ دینے میں کیسے کامیاب ہوے۔

No comments:

Post a Comment